ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پشار اسکول حملے کا ماسٹر مائنڈ ڈرون حملے میں ہلاک .... مختصر عالمی خبریں

پشار اسکول حملے کا ماسٹر مائنڈ ڈرون حملے میں ہلاک .... مختصر عالمی خبریں

Wed, 13 Jul 2016 16:38:03  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد،13جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دسمبر 2014ء میں پشاور کے ایک اسکول پر دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہونے والے ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے یہ بات پاکستانی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ پشار حملے میں 150 ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے زیادہ تر اسکول کے بچے تھے۔ ایک انٹیلیجنس اہلکار نے ڈی پی اے کو بتایا کہ خلیفہ عمر منصور کے نام سے جانا جانے والا عمر نارے اپنے تین دیگر ساتھیوں سمیت ہفتے کے روز صوبہ ننگرہار میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوا۔ کابل میں موجود امریکی حکام نے اس ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم امریکی فوج کے کیپٹن اندریا ڈائکس کے مطابق اس حملے کی تفصیلات مہیا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔


شامی بحران کے لیے مقرر مندوب پر روسی وزیر خارجہ کی تنقید
ماسکو،13جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شام کے تنازعے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اسٹیفان ڈے مستورا پر تنقید کی ہے۔ لاوروف کے مطابق مندوب اپنے فرائض کی بجاآوری میں کوتاہی کے مرتکب ہوئے ہیں اور شامی فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز نہیں کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مستورا کا موقف ہے کہ وہ دوسرے مرحلے سے قبل فریقین سے پیش رفت کی ضمانت چاہتے ہیں۔ پیر کے روز اقوام متحدہ کے مندوب نے کہا تھا کہ فریقین کے درمیان پیش رفت کی چابی روس اور امریکا کے ہاتھ میں ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے وسطی ایشیائی ریاست آذربائیجان میں یہ بھی کہا کہ شامیوں کو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔

پاکستان کے اوکاڑہ میں پولیس سے جھڑپ میں6 شدت پسند ہلاک
اسلام آباد،13جولائی(ایس اونیوزآئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں چھ مشتبہ شدت پسند مارے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی ضلع اوکاڑہ کے قریب گاؤں چک 28/2آر میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئی۔حکام کے مطابق اس دوران شدت پسندوں سے جھڑپ میں کم از کم دو پولیس زخمی بھی ہوئے۔مارے گئے شدت پسندوں کی شناخت سے متعلق سرکاری طور پر معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں تاہم مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک کیے گئے عسکریت پسندوں کا تعلق القاعدہ سے تھا اور ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پولیس نے جس گھر پر چھاپہ مارا، وہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ ہفتوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایسی کارروائیوں میں متعدد شدت پسندوں بشمول القاعدہ کے حامیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔اُدھر اطلاعات کے مطابق لاہور میں بھی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کر کے تین شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔پاکستانی فوج کے طرف سے بھی حالیہ مہینوں میں یہ بیانات سامنے آتے رہے ہیں کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے بعد شہری علاقوں میں چھپے عسکریت پسندوں اور اُن کے حامیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


Share: